کانپور، 30؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)اندور پٹنہ ایکسپریس ٹرین حادثے کی تحقیقات کر رہے کمشنر آف ریلوے سیفٹی ایسٹرن زون چیف سیفٹی کمشنر (مشرقی) نے آج اپنی تحقیقات کے دوسرے مرحلے کے پہلے دن ایک بار پھر پوکھرایامیں جائے حادثہ کا جائزہ لیا اور ریلوے ٹریک اور حادیہ کا شکار ہوئے کوچوں کی باریکی سے جانچ پڑتال کی، ان کے ساتھ ریلوے انجینئرز اور ٹیکنیکل ٹیم بھی گئی تھی۔کمشنر آف ریلوے سیفٹی پی کے آچاریہ اس کے پہلے مرحلے میں 22-23اور 24؍نومبر کو اس معاملے کی وسیع تحقیقات کر چکے ہیں اور اس دوران انہوں نے دو بار جائے حادثہ کا دورہ بھی کیا تھا۔اس سے پہلے انہوں نے تقریبا تین درجن افسران اور ملازمین سے پوچھ گچھ کی اور تقریبا 120لوگو ں کے تحریری بیانات لئے تھے۔کمشنر آچاریہ کی پوچھ گچھ اور تحقیقات کا کام کل یکم دسمبر کو بھی جاری رہے گا۔شمالی سینٹرل ریلوے کے چیف افسر برائے تعلقات عامہ وجے کمار نے بتایا کہ اندور -پٹنہ ایکسپریس ٹرین حادثے کی تحقیقات کر رہے آچاریہ آج اپنی انکوائری کے دوسرے مرحلے کے پہلے دن صبح ریلوے کے انجینئرز، ٹیکنیکل عملہ اور افسران کے ساتھ صبح دس بجے پوکھرایاں جائے حادثہ کی طرف روانہ ہوئے جہاں انہوں نے پٹریوں اور اس کے آس پاس کی جگہوں کاباریکی سے جائزہ لیا اور انجینئروں سے ضروری معلومات حاصل کی، اس کے بعد انہوں نے حادثہ کا شکار ریلوے لائن کے کنارے پڑے ملبے کا بھی معائنہ کیا اور ٹیکنل اسٹاف سے اس کے بارے میں معلومات لی۔انہوں نے ریلوے پٹری کا بھی باریکی سے جائزہ لیا اور ٹیکنیکل حکام سے ایک بار پھر سوال و جواب کیا ۔